|
شعبہ نظم ونسق اور تجارت کاقیام تعلیمی سال 2004-05 میں ایم۔ بی۔ اے پروگرام کے آغاز کے ساتھ اسکول برائے تجارتی نظم و نسق کے تحت عمل میں آیاتھا۔نظم و نسق کے ان باقاعدہ مضامین کے علاوہ جوکسی بھی مینجمنٹ کورس کا لازمی حصہ ہوتے ہیں ،متعلقہ فعال میدانوں میں مخصوص مطالعہ پر زور دیا جاتا ہے ۔شخصیت کی نشوونما کے لیے مختلف اجلاس منعقد کئے جاتے ہیں، ماہرین صنعت کو خطاب کی دعوت دی جاتی ہے، طلباءکے ذریعے وسیع تر موضوعات پر سمیناروںکا انعقاد کیا جاتاہے، مینجمنٹ گیمس (Management Games) اور صنعتی دوروں کا اہتمام کیا جاتا ہے جو طلباءکے لیے صنعت اور کام کرنے کے ماحول کو سمجھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔شعبہ ان کے کیریرکو آگے بڑھانے کے لیے ایک مناسب و موزوں ماحول تیار کرتا ہے ۔اپنے قوی علمی و تحقیقی پس منظر کی وجہ سے شعبہ کے اساتذہ طلبا کو سہولت فراہم کرنے کا گہرا تجربہ رکھتے ہیں۔
شعبہ نے ایم کام کورس اور مطالعات نظم ونسق میں تحقیقی پروگرام بھی متعارف کرایا ہے۔ ایم فل اورپی ایچ ڈی پروگرامس کا آغاز تعلیمی سال 2011-12 سے ہوا۔ اس کورس کے آغاز سے ہی شعبہ اعلیٰ معیار کی پیشہ ورانہ اکاونٹنگ کے تئیں پرعزم ہے۔اس نصاب کی تشکیل علمی پیش رفت کی مختلف النوع وسعتوں اور تجربہ کی گوناگوں صورتوں کا ثمرہ ہے۔اس نصاب کی ساخت میں نظریاتی تجزیہ اورپیشہ ورانہ عمل کے مابین توازن قائم رکھا گیاہے۔ ممتاز اساتذہ کے ذریعے طلباکی تربیت کی جا رہی ہے جو اس امر کے لیے کوشاں ہیں کہ یہ طلباءمکمل طور پر اس کے لیے تیار کیے جائیں کہ بازار کے جدیدتقاضوں سے کامیابی کے ساتھ عہدہ برآہوسکیں۔
شعبہ کے ریسرچ پرو گرامس جدت کو فروغ دیتے ہیں 'ان سرگرمیوں پر بطور خاص توجہ دی جاتی ہے جو ان مسائل کو حل کرسکیں جو صنعت ،سماج اور بیرونی ممالک کے ساتھ دوستانہ تجارت میں رکاوٹ ڈال سکتی ہیں۔ شعبہ تحقیق کے چار اہم میدانوںمیں پیش رفت کا نظم رکھتا ہے ،یہ ہیں خریدو فروخت،انسانی وسائل کے انتظام،مالیات اور عمومی انتظام۔شعبہ ان میدانوں میں غیر معمولی تحقیقی ماحول فراہم کرتا ہے۔اور یہاں نوجوان محققین کی آنے والی نسلوں کو ترقی دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔
|