مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کالج برائے تعلیمِ اساتذہ سال 2006 میں الیاس اشرف نگر، چندن پٹی، لہیریا سرائے، دربھنگہ، بہار میں قائم ہوا تھا۔ اردو داں طبقے کی بڑی آبادی کے مدِ نظر یونیورسٹی نے دربھنگہ میں سٹیلائٹ کیمپس قائم کرنے کی ضرورت محسوس کی جو علم و دانش کا ایک قدیم گہوارہ رہا ہے۔ دربھنگہ اپنے دو جامعات، ایک طبی کالج، کئی ڈنٹل کالجز اور ایک ٹیچر ٹریننگ کالج جو ایم ایڈ کا کورس چلاتا ہے، کے سبب اپنے ادبی و تعلیمی ورثہ کے لیے جانا جاتا ہے۔ اردو بولنے والوں کی بہت بڑی آبادی کی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کالج آف ٹیچر ایجوکیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ طلبا و طالبات کو اردو ذریعۂ تعلیم سے تربیت دی جاسکے اور اردو زبان کے وسیلے سے علوم کی اشاعت کی جاسکے۔ اس کالج کو این سی ٹی ای، ای آر سی بھبنیشور سے سو طلبہ کے داخلے کی منظوری 2007 میں حاصل ہوئی تھی اور تب سے کالج کے طلبہ امتیازی نشانات سے امتحانات میں کامیاب ہو رہے ہیں۔
یہ نہایت خوشی کی بات ہے کہ تعلیمی سال 2007-08 سے لے کر آج تک نکلنے والے تمام طلبہ کو سرکاری اور نجی سیکٹروں کے مختلف اداروں میں نوکریاں حاصل ہوگئی ہیں۔
مذکورہ کالج، یونیورسٹی کا پہلا ادارہ ہونے کی حیثیت سے پہلے آٹھ سال مکمل کرلیے ہیں اور اس کے سات بیچ نکل چکے ہیں۔ چونکہ اس پورے علاقے میں سوائے ایک نجی ایم ایڈ کالج کے کوئی دوسرا کالج نہیں اور وہاں بہت کم طلبہ کے داخلے کی گنجائش ہے، امید ہے کہ یونیورسٹی کا یہ کالج سماج کے ذہین اور مستحق طلبہ کو ایم ایڈ میں داخلے کا موقع فراہم کرے گا۔
|